اسٹیبلشمنٹ ڈویژن

سرکاری ملازمین کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع، نئی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر

وزیراعظم کی منظوری کے بعد مالی سال 2025-26 کے اثاثوں کی ڈیجیٹل تفصیلات جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2026 مقرر کر دی گئی، جبکہ گوشواروں میں تصحیح یا ترمیم کے لیے 31 دسمبر تک مہلت دے دی گئی۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے اثاثوں کے گوشوارے ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے، جس کے بعد اب ملازمین 30 نومبر 2026 تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پورٹل کے ذریعے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا سکیں گے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 12 نومبر 2026 کو جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے مالی سال 2025-26 کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 16 ستمبر 2026 کو جاری ہونے والے مراسلے میں ڈیجیٹل گوشوارے جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم اب سول سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 2026 کے رول 12(6) میں نرمی کرتے ہوئے ملازمین کو مزید مہلت فراہم کر دی گئی ہے۔

اثاثوں کے گوشواروں میں تصحیح کے لیے 31 دسمبر تک وقت

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سرکاری ملازمین اپنے جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں میں متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے تصحیح یا ترمیم بھی کرا سکیں گے، جس کے لیے آخری تاریخ بڑھا کر 31 دسمبر 2026 مقرر کر دی گئی ہے۔

وزارتوں اور ڈویژنز کو نئی تاریخوں سے آگاہ کرنے کی ہدایت

مراسلے میں تمام وزارتوں، ڈویژنز اور کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے افسران اور ملازمین کو نئی تاریخوں سے آگاہ کریں۔

اس کے ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو مقررہ مدت کے اندر تمام سرکاری ملازمین کے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button