طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا الزام، اے این ایف نے 20 نائجیرین شہری دھر لیے
اے این ایف نے خفیہ اطلاعات پر جڑواں شہروں کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 20 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا، برآمد شدہ منشیات میں 1.682 کلو کوکین، 2 کلو آئس اور 750 گرام ویڈ شامل ہے۔

اسلام آباد/راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں منشیات کے مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 نائجیرین شہریوں کو گرفتار کر لیا، کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 4 کلو 432 گرام منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں جڑواں شہروں کے مختلف مقامات پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔ فورس نے منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت میں مبینہ طور پر ملوث نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی اور انٹیلی جنس معلومات کے بعد مربوط آپریشن کیا۔
کون سی منشیات برآمد ہوئیں؟
اے این ایف کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے برآمد ہونے والی منشیات میں ایک کلو 682 گرام کوکین، 2 کلو میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 750 گرام ویڈ شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر ایک منظم نیٹ ورک سے وابستہ تھے، جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں نوجوانوں، خصوصاً تعلیمی اداروں کے طلبہ کو کوکین، آئس اور ویڈ فراہم کرنے، فروخت اور تقسیم کرنے میں ملوث تھا۔
دو ملزمان پہلے بھی منشیات کیس میں ضمانت پر تھے
ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار 20 نائجیرین شہریوں میں سے دو پہلے ہی منشیات سے متعلق ایک مقدمے میں ضمانت پر تھے۔
اے این ایف نے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مبینہ نیٹ ورک کے سہولت کاروں، منشیات کی فراہمی کے ذرائع، مالی معاونت کرنے والے عناصر اور مقامی رابطوں کی نشاندہی شروع کر دی ہے۔
تعلیمی اداروں تک منشیات کی فراہمی روکنے کے لیے کارروائیاں جاری
اے این ایف کے مطابق نوجوان نسل اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
فورس نے والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کریں اور اپنے گردونواح میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع اے این ایف ہیلپ لائن 1415 پر دیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک کے ممکنہ مقامی اور بین الاقوامی روابط کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔



