اسلام آباد آن لائن جوا ایپ چلانے اور کھیلنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ، بڑے کاروباری افراد بھی ملوث
اسلام آباد میں چار منزلہ کال سینٹر سے شہریوں کی موبائل گیلری تک رسائی حاصل کرکے حساس ڈیٹا چوری کیا جاتا تھا، ملزمان بلیک میلنگ کے ذریعے رقم وصول کرتے تھے، محمد شعیب خان

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے دوران مرد و خواتین سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں میں شہریوں کا حساس ڈیٹا چوری کرکے بلیک میلنگ اور مختلف ممالک کے شہریوں سے فراڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
محمد شعیب خان کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران مختلف کال سینٹرز پر کارروائیاں کی گئیں۔ اسلام آباد میں قائم چار منزلہ کال سینٹر تقریباً ڈیڑھ ماہ سے کام کر رہا تھا۔
شہریوں کا حساس ڈیٹا چوری کرکے بلیک میلنگ
محمد شعیب خان نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو موبائل فون میں مختلف ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرواتے اور ان کی گیلری تک رسائی حاصل کرکے حساس تصاویر اور ذاتی معلومات چوری کرتے تھے۔
بعد ازاں اس ڈیٹا کو قابل اعتراض مواد میں تبدیل کرکے شہریوں کو بلیک میل کیا جاتا اور بدنامی کے خوف سے رقم وصول کی جاتی تھی۔ شہریوں کے ساتھ قرضوں کے نام پر بھی فراڈ کیا جاتا رہا۔
آن لائن جوا اور بیٹنگ ایپس کے خلاف کارروائی
انہوں نے کہا کہ آن لائن جوا اور بیٹنگ ایپس چلانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع دیتی ہیں تاکہ بعد میں ان کی مالی حیثیت کے مطابق زیادہ رقم لگانے کی طرف راغب کیا جا سکے۔
انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کی سرگرمیوں اور ان کے کام کی جگہوں پر نظر رکھیں، کیونکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے ان کے کردار کے سرٹیفکیٹ متاثر ہو سکتے ہیں۔
محمد شعیب خان کے مطابق راولپنڈی کے علاقے بحریہ میں بھی ایک کال سینٹر تقریباً 15 سے 20 روز سے کام کر رہا تھا، جبکہ گھروں میں بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی باشندوں کے ملوث ہونے کی صورت میں متعلقہ سفارت خانوں کے ذریعے رابطہ کیا جائے گا، جبکہ ہراسانی، بلیک میلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



