95 لاکھ روپے کے آن لائن فراڈ کیس میں پیش رفت، خاتون کو 29 لاکھ 40 ہزار واپس مل گئے
این سی سی آئی اے اسلام آباد نے تحقیقات کے دوران رقم برآمد کرکے شکایت کنندہ کے حوالے کر دی، باقی رقم کی واپسی اور ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے آن لائن فراڈ کیس کا شکار ہونے والی خاتون کے 29 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد کرکے انہیں واپس کر دیے ہیں، جبکہ باقی رقم کی بازیابی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ایک اہلکار کے مطابق خاتون مبینہ طور پر 95 لاکھ روپے کے آن لائن مالی فراڈ کا شکار ہوئی تھیں، جس کے بعد ادارے نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں۔ رقم کی برآمدگی انسپکٹر وقار مسیح غوری کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی کے دوران عمل میں آئی۔
اہلکار نے بتایا کہ اب تک 29 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد کرکے شکایت کنندہ خاتون کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جبکہ باقی رقم کا سراغ لگانے اور مبینہ فراڈ میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خاتون کا این سی سی آئی اے سے اظہار تشکر
دوسری جانب متاثرہ خاتون نے رقم کا کچھ حصہ واپس ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور بروقت کارروائی و تعاون پر این سی سی آئی اے اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا۔
خاتون نے تحقیقاتی ٹیم کی کوششوں اور رقم کی واپسی کے عمل میں فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باقی رقم بھی جلد برآمد کر لی جائے گی۔



