ڈرون کیمرے، سیف سٹی نگرانی اور سینئر افسران، این سی سی آئی اے بھرتیوں میں شفافیت کیلئے خصوصی انتظامات
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ بھرتیوں کا عمل شفاف اور میرٹ کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے، میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایف نائن پارک میں تیسرے روز بھی امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ جاری رہے۔

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں بھرتیوں کا عمل جاری ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں تیسرے روز بھی امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق امیدواروں کی جسمانی صلاحیت جانچنے کے لیے مختلف مراحل پر مشتمل ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں، جبکہ امیدواروں کی سہولت اور طبی ضروریات کے پیش نظر ٹیسٹ سینٹر میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔

امیدواروں کے لیے طبی سہولیات اور انتظامات
ترجمان کے مطابق میڈیکل کیمپ میں امیدواروں کے طبی معائنے، ابتدائی طبی امداد اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل ٹیم موجود ہے۔
سینئر افسران بھی ٹیسٹ سینٹر میں موجود رہے، جہاں انہوں نے انتظامات اور بھرتی کے عمل میں شفافیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈرونز اور سیف سٹی کیمروں سے نگرانی
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق فزیکل ٹیسٹ کے تمام مراحل کی ڈرونز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ بھرتی کا عمل منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ بھرتیوں کا عمل میرٹ کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




