مولانا کے گھر پر چھاپہ، اہلِ خانہ کو 30 منٹ میں گھر خالی کرنے کا حکم
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی، اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کی مہلت دی گئی، سی ڈی اے نے ملکیت کی منتقلی منسوخ کرکے مکان سیل کرنے کا حکم دیا، جے یو آئی نے حکومتی اقدام کو ظلم و جبر قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیم مجسٹریٹ کی سربراہی میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی آمد کے بعد گھر جانے والے راستے بند کر دیے گئے
ذرائع کے مطابق انتظامی کارروائی کے دوران مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کی مہلت دی گئی، جس کے بعد اہل خانہ رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔ بعد ازاں مجسٹریٹ کی موجودگی میں گھر کو سیل کر دیا گیا۔
سی ڈی اے نے ملکیت کی منتقلی منسوخ کر دی
سی ڈی اے نے سیکٹر جی سکس فور اسلام آباد میں واقع 1200 مربع گز کے مکان نمبر 7، گلی نمبر 83 کی ملکیت کی منتقلی منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق مکان کی ملکیت امان اللہ ولد محمد یونس کے نام پر درج تھی، تاہم ضلعی مجسٹریٹ، اسپیشل برانچ اور نادرا کی رپورٹس میں امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا تھا۔


شناختی کارڈ منسوخ، شوکاز نوٹس کا جواب بھی جمع نہ کرایا گیا
دستاویزات کے مطابق خاندانی ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں پر نادرا نے امان اللہ کا شناختی کارڈ بھی منسوخ کر دیا تھا۔
سی ڈی اے نے 25 نومبر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو طلب کیا تھا، تاہم امان اللہ نہ پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی جواب یا شناختی دستاویز جمع کرائی۔
غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات پر بھی اعتراض
سی ڈی اے نے اکتوبر میں رہائش گاہ پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ادارے نے سکیورٹی گارڈز کے کیبن اور جنریٹر کی تنصیب پر بھی اعتراض اٹھایا تھا۔
سی ڈی اے نے خلاف ورزیاں دور کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دیتے ہوئے عدم تعمیل کی صورت میں عمارت سیل کرنے کا انتباہ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اور پولیس مولانا فضل الرحمان کے ڈرائیور عرفان کی گاڑی نمبر BN-949 V-8 بھی اپنے ہمراہ لے گئی، جسے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا۔
مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کا دعویٰ
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ سیل کر دی ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ ظلم و جبر میں میاں شہباز شریف کی حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں اور صبر و تحمل سے جبر کا مقابلہ کریں۔
کارکنوں کو قیادت کی ہدایات کا انتظار کرنے کی ہدایت
جے یو آئی ترجمان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو صبر و تحمل سے کام لینے اور پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
موقع پر سینیٹر کامران مرتضیٰ اور رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران بھی موجود تھے۔



