آئی جی اسلام آباد کی مرحوم سب انسپکٹر عمران منیر کے اہلِ خانہ سے ملاقات، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
مرحوم سب انسپکٹر عمران منیر ایک ایماندار، فرض شناس اور ذمہ دار افسر تھے، جن کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری

اسلام آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے مرحوم سب انسپکٹر عمران منیر کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملاقات کے دوران کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے مرحوم افسر کی پیشہ ورانہ زندگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹر عمران منیر ایک نہایت ایماندار، فرض شناس اور ذمہ دار پولیس افسر تھے، جن کی اسلام آباد پولیس کے لیے انجام دی گئی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے اہلِ خانہ کو مکمل یکجہتی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے فرض شناس افسر کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور اسلام آباد پولیس مرحوم سب انسپکٹر عمران منیر کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔



