محمود خان اچکزئی، اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر کی ملاقات، عمران خان کی صحت پر تشویش
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کا عمران خان کو فوری طور پر شفاء اسپتال منتقل کرنے، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد اور زیر حراست منتخب نمائندوں و کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ۔
اسلام آباد: قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے ان کی رہائش گاہ پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے ملاقات کی، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد اور خیبر پختونخوا میں گرفتاریوں سمیت اہم سیاسی و آئینی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
عمران خان کو شفاء اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ
اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے عمران خان کو فوری طور پر شفاء اسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے اور انہیں مکمل و معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
رہنماؤں نے 10 نومبر کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر بھی فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عدالت کی جانب سے نامزد وکلاء کی عمران خان سے ملاقات فوری طور پر کروائی جائے۔
وفاقی آئینی عدالت کے اقدام پر تشویش
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کو گورنر راج، ایمرجنسی اور ایم پی او کے تحت قائم مقدمات کی سماعت سے یکطرفہ طور پر روکنے کے اقدام پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے اس اقدام کو لاقانونیت اور آئینی شکنی کی سہولت کاری قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں باقاعدہ درخواست دائر کی جائے گی۔
خیبر پختونخوا میں گرفتاریوں کی مذمت
ملاقات میں خیبر پختونخوا کے منتخب وزیراعلیٰ، اسپیکر صوبائی اسمبلی، اراکین اسمبلی اور کارکنوں کو حراست میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے آئینی اصولوں اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا گیا۔
شرکاء نے تمام زیر حراست منتخب نمائندوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
عمران خان کی بہنوں کی رہائی کا مطالبہ
اعلامیے میں عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی صحت سے متعلق خبروں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ایم پی او کے تحت نظر بند عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
ملاقات کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد اور بنیادی انسانی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
