پارلیمنٹ (قومی اسمبلی و سینیٹ)

پنشنرز اور بیواؤں کے 48 ارب روپے کہاں گئے؟ معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا

جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر جسٹس محمد ارباب طاہر نے وزیراعظم کے سیکرٹری، وزارت خزانہ، وزارت مواصلات اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا، درخواست میں 48 ارب روپے کے فنڈز کا فرانزک آڈٹ کرانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

اسلام آباد: پوسٹل لائف انشورنس کے پنشنرز، بیواؤں اور سرکاری ملازمین کی جمع پونجی کی ادائیگی میں تاخیر اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔ عدالت نے وزیراعظم کے سیکرٹری، وزارت مواصلات، وزارت خزانہ، کابینہ ڈویژن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

جسٹس محمد ارباب طاہر نے پوسٹل لائف انشورنس فنڈز سے متعلق جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ پالیسی ہولڈرز کے تقریباً 48 ارب روپے کہاں گئے، اس حوالے سے وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ جواب دیں۔ ان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ پالیسی ہولڈرز کی رقم وزارت خزانہ کے پاس ہے۔

پالیسی ہولڈرز کی رقم حکومتی آمدن نہیں، درخواست گزار کا مؤقف

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پوسٹل لائف انشورنس کے پالیسی ہولڈرز کی رقم وفاقی حکومت کی آمدن نہیں بلکہ ان کی امانت ہے۔ اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکل 78 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پوسٹل لائف انشورنس کے فنڈز کی منتقلی، استعمال اور موجودہ مالی حیثیت کی مکمل تفصیلات طلب کی جائیں تاکہ رقم کے استعمال اور ذمہ دار اداروں کا تعین ہو سکے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ اور فرانزک آڈٹ کا مطالبہ

وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کی خصوصی رپورٹ میں پوسٹل لائف انشورنس کے مالی اور انتظامی معاملات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

درخواست میں پالیسی ہولڈرز کے واجب الادا انشورنس کلیمز کی ادائیگی کے لیے آزادانہ فرانزک آڈٹ کرانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق انشورنس کلیمز 90 روز کے اندر ادا نہ کرنا انشورنس آرڈیننس 2000 کی دفعہ 118 کے تحت قانونی سوال پیدا کرتا ہے۔

وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کے تعین کی استدعا

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وزارت خزانہ، وزارت مواصلات، پاکستان پوسٹ اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے فیصلوں، فنڈز کی منتقلی سے متعلق احکامات اور ایکچوریل ویلیوایشن ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور مزید سماعت ملتوی کر دی۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button