آئی سی ٹی انتظامیہ

اسلام آباد میں ہوٹلوں کے معیار پر بڑا فیصلہ، محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو متحرک کردیا

ایس سی او سمٹ سے قبل زیر تعمیر ہوٹلوں کی تکمیل، موجودہ ہوٹلز کی تزئین و آرائش اور معیار بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت، ون کنسٹیٹیوشن ایونیو پر تعمیراتی کام یکم جنوری سے شروع کرنے کا فیصلہ۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ سے قبل اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں زیر تعمیر ہوٹلوں کی جلد تکمیل، موجودہ ہوٹلز کے معیار میں بہتری اور شہر میں بین الاقوامی معیار کی ہوٹل سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایس سی او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطے میں رہا جائے اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نہ ہو۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور معیار بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ مقامی ہوٹلز کو بین الاقوامی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے روابط قائم کیے جائیں تاکہ ہوٹل مالکان اور عالمی ہوٹل برانڈز کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو عالمی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ

اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال بھی تیار کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ہوٹل انڈسٹری کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ہوٹلز کے فعال ہونے پر تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس سی او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور پاکستان آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button