اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے وکلا کی جیل میں ملاقات کرائی جائے
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی جیل میں ایک گھنٹے ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کا بھی کہا۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی جیل میں ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دونوں وکلا کو ہدایت کی کہ ملاقات کے بعد آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل کا آغاز کریں۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
سلمان صفدر کا جیل ملاقاتوں میں تاخیر پر اعتراض
دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے سات ماہ جبکہ بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد اچانک ملاقات کرائی گئی۔ ان کے مطابق بشریٰ بی بی نے ملاقات کے دوران ان سے پوچھا کہ وہ گزشتہ 11 ماہ سے کہاں تھے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک پروفیشنل وکیل کے لیے اپنے مؤکل سے طویل عرصے تک ملاقات نہ ہونا مشکل صورتحال ہے اور وکلا کی اپنے مؤکلین سے باقاعدہ جیل ملاقاتیں ہونی چاہئیں۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم ان کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہو رہا۔ ان کے مطابق عمران خان نے انہیں بتایا کہ بلڈ پریشر قابو میں نہ آنے کے باعث برین ہیمرج کا خطرہ ہے۔
سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی خراب صورتحال سے متعلق بھی عدالت کو آگاہ کیا۔ ان کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا کہ چھ ماہ قبل انہیں سرجری کے لیے لے جایا گیا تھا جبکہ 15 نومبر کو دوبارہ آپریشن کیا جانا ہے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں مناسب علاج ممکن نہیں اور سرجری کے اسی روز انہیں واپس سیل میں بند کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں سرجری کی تھی اور اس کے فوری بعد جیل منتقل کرنا مناسب نہیں تھا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیتے رہیں اور ان کی مؤکلہ کی بینائی متاثر ہو جائے، یہ قابل قبول نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر ضمانت نہیں دی جا سکتی تو علاج کی غرض سے چار سے چھ ہفتوں کی ضمانت دی جائے۔
انہوں نے بشریٰ بی بی کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور اڈیالہ جیل سے مکمل طبی رپورٹس طلب کرنے کی بھی درخواست کی۔
ایڈووکیٹ جنرل کا مؤقف
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج جاری ہے اور انہیں ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے علاج معالجے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل بورڈ 8 نومبر کو بھی بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنے جیل گیا تھا۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا کہ وہ بیرسٹر سلمان صفدر کو تحمل سے تفصیل کے ساتھ سن چکے ہیں، تاہم صحت سے متعلق معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا ہے۔
اس پر سلمان صفدر نے وضاحت کی کہ بشریٰ بی بی سے متعلق ان کا کوئی معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا نہیں۔
پیپر بکس اور جیل ملاقات کی درخواست
بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں کی تیاری کے لیے پیپر بکس فراہم کرنے اور مزید وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ اپیلوں کی پیپر بکس ابھی تیار نہیں ہو سکیں اور انہیں فراہم بھی نہیں کی گئیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پیپر بکس اور تیاری کے لیے وقت دے دیا جائے گا۔
اس موقع پر سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی جائے تو وہ مزید التوا نہیں مانگیں گے، تاہم وہ تاحال ملاقات کے منتظر ہیں۔
چیف جسٹس نے ان سے ملاقات کے لیے درکار وقت پوچھا تو لطیف کھوسہ نے کم از کم ایک گھنٹے کی ملاقات کی درخواست کی۔
عدالت کا دونوں وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم
چیف جسٹس نے سردار لطیف کھوسہ سے کہا کہ ملاقات کے بعد آئندہ ہفتے اپیلوں پر دلائل دیں۔
اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے بھی دوبارہ جیل ملاقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلے ہونے والی ملاقات میں انہیں ہدایات تو ملیں لیکن وہ ناکافی تھی۔
چیف جسٹس نے ابتدا میں کہا کہ وہ سردار لطیف کھوسہ کی حد تک ملاقات کا حکم دے رہے ہیں، تاہم ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر دونوں وکلا آئندہ سماعت پر دلائل شروع کرنے کی یقین دہانی کرائیں تو ان کی ملاقاتیں کرائی جا سکتی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے دونوں وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔



