اسلام آباد میں پیٹرول کی پیمائش میں ہیرپھیر کا انکشاف، 6 پیٹرول پمپس اور 40 سے زائد نوزلز سیل
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی انسپکشنز کے دوران مقررہ مقدار سے کم پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے کا انکشاف، 40 سے زائد نوزلز اور 6 پیٹرول پمپس سیل کر دیے گئے، پیمائش میں ردوبدل کے لیے استعمال ہونے والی الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کر لی گئیں۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پیٹرول پمپس پر کم پیمائش کے ذریعے شہریوں کو مقررہ مقدار سے کم فیول فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 پیٹرول پمپس اور 40 سے زائد نوزلز سیل کر دی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق شہر بھر میں پیٹرول پمپس کی انسپکشنز جاری ہیں، جن کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی پیمائش کے ساتھ شہریوں کو فراہم کی جانے والی فیول کی اصل مقدار بھی چیک کی جا رہی ہے۔
الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے پیمائش میں ردوبدل
انتظامیہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران فیول کی پیمائش میں ردوبدل کے لیے استعمال ہونے والی الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کی گئی ہیں۔
الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے پیمائش میں ہیرپھیر کرنے کے معاملے پر دو پیٹرول پمپس سیل کر دیے گئے جبکہ عملے کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کی مزید کارروائیوں کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر بھر کے تمام پیٹرول پمپس کی انسپکشن یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو مقررہ مقدار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کم پیمائش اور فیول کی مقدار میں ردوبدل کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔