عدالتیں و قانونی امور

سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کیس میں حکم امتناع چیلنج کر دیا، جلد سماعت کی استدعا

سی ڈی اے نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں بری امام ہاؤس کو قبضے کی جگہ قرار دے دیا، مؤقف اختیار کیا کہ سرکاری ریکارڈ میں اس نام کی کوئی عمارت موجود نہیں اور دربار حضرت بری امام کی زمین الگ ہے۔

اسلام آباد: بری امام ہاؤس کی عمارت سے متعلق مقدمے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے عمارت کے حق میں جاری حکم امتناع ختم کرنے اور کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کر دی ہے۔

سی ڈی اے نے متفرق درخواست کے ذریعے عدالت میں اپنا جواب جمع کرایا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں ’’بری امام ہاؤس‘‘ کے نام سے کوئی عمارت موجود نہیں اور مذکورہ عمارت قبضے کی جگہ پر قائم ہے۔

بری امام دربار اور بری امام ہاؤس الگ مقامات ہیں، سی ڈی اے

سی ڈی اے کے مطابق نور پور شاہان کی زمین ماضی میں ایکوائر کی جا چکی ہے اور اس کے مالکان کو ادائیگیاں بھی کی گئی تھیں۔ حضرت بری امام کے دربار کی جگہ سرکاری ریکارڈ میں الگ خسرہ نمبروں کے تحت درج ہے اور بری امام ہاؤس نامی عمارت کا دربار سے کوئی تعلق نہیں۔

عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ محض کسی عمارت کو ’’بری امام ہاؤس‘‘ کا نام دینے یا اسے حضرت بری امام کے مزار سے منسلک کرنے سے درخواست گزار کو اس زمین پر قانونی حق حاصل نہیں ہو جاتا۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ محل وقوع اور محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق بری امام ہاؤس اور بری امام دربار دو الگ مقامات ہیں، جنہیں ایک ہی جائیداد تصور نہیں کیا جا سکتا۔

درخواست گزار کے قانونی حق پر بھی اعتراض

اتھارٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس بری امام ہاؤس کی جگہ پر قبضے یا استعمال کا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔ سی ڈی اے نے درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اتھارٹی کا جواب لیے بغیر حکم امتناع جاری کیا، جس کے باعث اب عدالت سے اس حکم کو ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست

سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ مقدمے کو رواں ہفتے ہی جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی بری امام ہاؤس کی جانب سے دائر درخواست پر حکم امتناع جاری کر چکی ہے، جبکہ سی ڈی اے نے اب اس حکم کو ختم کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

Hussain Ahmad Ch

حسین احمد چوہدری اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ہیں، جو عدالتی، آئینی اور حکومتی امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ اس وقت اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، جبکہ اس سے قبل 92 نیوز اور بول نیوز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد سے میڈیا کے شعبے میں تعلیم حاصل کی۔ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ، آئینی مقدمات، اہم عدالتی کارروائیوں اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ہونے والی پیش رفت کی رپورٹنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن میں صدر، نائب صدر اور سیکریٹری سمیت مختلف اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جو دارالحکومت کی قانونی صحافت سے ان کی طویل وابستگی کا عکاس ہے۔ ان کی صحافت کا بنیادی محور عدالتی جواب دہی، ادارہ جاتی شفافیت اور عوامی مفاد سے متعلق اہم معاملات ہیں۔ ان سے ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے: Hussain@islamabadtribune.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button