اسلام آباد پولیس میں بڑا ردوبدل، اہم عہدوں پر نئی تعیناتیاں، نوٹیفکیشن جاری
آئی جی اسلام آباد نے فوری طور پر تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے، عبداللہ شہریار، اسد اقبال، رضوانہ ملک سمیت 8 افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں

اسلام آباد: اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تعیناتیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت 8 افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ ان احکامات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کے دفتر سے 28 نومبر 2026 کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تبادلے اور تعیناتیاں آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت کیپٹن (ر) عبداللہ شہریار، اے ایس پی (بی ایس 17)، جو تعیناتی کے منتظر تھے، کو ایس پی صدر ڈویژن (آپریشنز) تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسد اقبال، اے ایس پی (بی ایس 17)، کو ایس پی آئی ایریا ڈویژن (آپریشنز) جبکہ رضوانہ ملک، اے ایس پی (بی ایس 17)، کو ایس پی آپریشنز کوآرڈینیشن یونٹ (او سی یو) کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
اسی طرح نایاب رمضان کو ایس پی ڈی پی یو (آپریشنز) اور نازش شہزادی کو ایس پی کیپیٹل پٹرول (آپریشنز) تعینات کیا گیا ہے۔

دیگر افسران کے تبادلے
نوٹیفکیشن کے مطابق فیاض احمد، ایس پی (بی ایس 18)، کو ایس پی ایچ ایس زیڈ کے عہدے سے تبدیل کرکے سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مجید اقبال، ایس پی (بی ایس 18)، کو ایس پی ڈی پی یو کے عہدے سے تبدیل کرکے ایس پی ایچ ایس زیڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کاظم نقوی، ڈی ایس پی (بی ایس 17)، کو ایس پی صدر ڈویژن (آپریشنز) کے عہدے سے تبدیل کرکے ایس پی لاء اینڈ آرڈر اور اے آر ایف (آپریشنز) کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن پر انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے دستخط ہیں جبکہ احکامات اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کی نقول متعلقہ افسران سمیت اسلام آباد پولیس کے تمام ڈپٹی انسپکٹرز جنرل، اسسٹنٹ انسپکٹرز جنرل اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو فوری عمل درآمد کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔



