اسلام آباد پولیس

اسلام آباد میں کار چوری کے واقعات میں 65 فیصد اور ڈکیتی میں 57 فیصد کمی ریکارڈ

آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی انسدادِ جرائم حکمت عملی کے تحت یکم جنوری سے 28 نومبر 2026 تک مجموعی کرائم کالز میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پولیس اعداد و شمار کے مطابق کار چوری، ڈکیتی، موٹر سائیکل چھیننے اور سنیچنگ سمیت مختلف جرائم میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں مجموعی کرائم کالز کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 32 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 28 نومبر 2026 تک مجموعی کرائم کالز کی تعداد 7 ہزار 191 سے کم ہو کر 4 ہزار 882 رہ گئی، جس سے 2 ہزار 309 کالز کی کمی ظاہر ہوتی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کمی آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی مؤثر انسدادِ جرائم حکمت عملی اور پولیس اقدامات کے باعث سامنے آئی ہے۔

کار چوری اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں کمی

پولیس رپورٹ کے مطابق کار چوری کی کالز میں سب سے زیادہ 65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جن کی تعداد 277 سے کم ہو کر 96 رہ گئی۔

اسی طرح گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 43 فیصد کمی آئی اور تعداد 7 سے کم ہو کر 4 رہ گئی، جبکہ دیگر گاڑیوں کی چوری میں بھی 28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کے واقعات

اعداد و شمار کے مطابق موٹر سائیکل چوری کی کالز میں 31 فیصد کمی ہوئی، جن کی تعداد 2 ہزار 885 سے کم ہو کر 1 ہزار 992 رہ گئی۔

موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور تعداد 261 سے کم ہو کر 156 ہو گئی۔

ڈکیتی، رابری اور سنیچنگ میں کمی

اسلام آباد پولیس کی رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کے واقعات کی کالز میں 57 فیصد کمی ہوئی، جن کی تعداد 21 سے کم ہو کر 9 رہ گئی۔

اسی طرح سنیچنگ کے واقعات میں 45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور تعداد 1 ہزار 31 سے کم ہو کر 563 ہو گئی، جبکہ رابری کی کالز میں 29 فیصد کمی کے بعد تعداد 1 ہزار 476 سے کم ہو کر 1 ہزار 47 رہ گئی۔

نقب زنی اور قتل کے واقعات کے اعداد و شمار

رپورٹ کے مطابق نقب زنی کے واقعات کی کالز میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جن کی تعداد 1 ہزار 170 سے کم ہو کر 962 رہ گئی۔

قتل کے واقعات سے متعلق موصول ہونے والی کالز میں بھی 6 فیصد کمی سامنے آئی اور تعداد 34 سے کم ہو کر 32 رہ گئی۔

اسلام آباد پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال وفاقی دارالحکومت میں مختلف اقسام کے جرائم سے متعلق کرائم کالز میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button