عدالتیں و قانونی امور

بری امام ہاؤس کا سرکاری ریکارڈ میں کوئی وجود نہیں، سی ڈی اے کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں مؤقف

سی ڈی اے کی جلد سماعت کی درخواست منظور، عدالت نے کیس پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کر دیا، اتھارٹی نے تحریری جواب میں عمارت اور مزار حضرت بری امام کے درمیان قانونی تعلق کی نفی کر دی۔

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ‘بری امام ہاؤس’ نامی کوئی عمارت سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں، جبکہ اس عمارت کا مزار حضرت بری امام سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق بری امام ہاؤس کے خلاف کارروائی روکنے کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کیس میں فریق سی ڈی اے کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست دائر کی گئی تھی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مقدمہ پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

جسٹس ایاز شوکت نے سی ڈی اے کی جلد سماعت کی درخواست پر سماعت کی۔ سی ڈی اے کی جانب سے بری امام ہاؤس کے معاملے میں حکم امتناع ختم کرانے کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، جبکہ اتھارٹی کا تحریری جواب بھی عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے۔

بری امام ہاؤس سے متعلق سی ڈی اے کا تحریری مؤقف

سی ڈی اے نے اپنے تحریری جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ‘بری امام ہاؤس’ کے نام سے کوئی عمارت اتھارٹی کے سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں۔ نور پور شاہان کی زمین سی ڈی اے ماضی میں حاصل کر چکا ہے اور اس کے مالکان کو ادائیگیاں بھی کی جا چکی ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق ‘بری امام ہاؤس’ نامی عمارت کا حضرت بری امام کے مزار کی جگہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ محض کسی عمارت کو ‘بری امام ہاؤس’ کا نام دینے یا اسے حضرت بری امام کے مزار سے منسلک کرنے سے درخواست گزار کو متعلقہ زمین پر کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہو جاتا۔

سی ڈی اے نے مزید مؤقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس مذکورہ جگہ پر قبضے یا اسے استعمال کرنے کا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔

حکم امتناع ختم کرانے کی درخواست

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کے معاملے میں درخواست گزار کو حکم امتناع جاری کر رکھا ہے، جس کے باعث متعلقہ کارروائی رکی ہوئی ہے۔

اب سی ڈی اے کی جانب سے حکم امتناع ختم کرانے کی درخواست پر عدالت پیر کے روز سماعت کرے گی، جہاں اس معاملے پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button