پی ٹی آئی کے قانونی محاذ پر اہم تبدیلی، نیاز اللہ خان نیازی چیف آرگنائزر مقرر
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری، نیاز اللہ نیازی آزاد عدلیہ، قانون کی حکمرانی اور عدالتی اصلاحات کے لیے کردار ادا کریں گے۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) پاکستان کی تنظیمی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے نیاز اللہ خان نیازی کو چیف آرگنائزر مقرر کر دیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ تقرری بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ نیاز اللہ خان نیازی کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں نیاز اللہ خان نیازی کی پارٹی کے لیے خدمات، محنت اور وابستگی کو سراہتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ نیاز اللہ خان نیازی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ترجمان بھی ہیں۔
انصاف لائرز فورم کو مضبوط بنانے کا عزم
اعلامیے میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ نیاز اللہ خان نیازی کی قیادت میں انصاف لائرز فورم مزید مضبوط، متحد اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر منظم ہوگا۔
مزید کہا گیا ہے کہ فورم آزاد عدلیہ، قانون کی حکمرانی اور عدالتی اصلاحات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
تقرری کو پی ٹی آئی کے قانونی محاذ پر تنظیمی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



