عدالتیں و قانونی امور
اڈیالہ جیل میں اہم بیٹھک، عمران خان، بشریٰ بی بی اور وکلاء کے درمیان کیا طے پایا؟
بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں، وکلا نے دونوں کے مقدمات اور قانونی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی ملاقات ختم ہوگئی، دونوں وکلا دو گھنٹے سے زائد وقت گزارنے کے بعد جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی، جس میں بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وکلا نے عمران خان سے زیر سماعت مقدمات اور مختلف متفرق درخواستوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔
اس دوران بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی عمران خان سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں کی
عمران خان سے ملاقات ختم ہونے کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔ دونوں وکلا نے روانگی کے موقع پر میڈیا سے کوئی گفتگو نہیں کی۔



