عدالت میں مبینہ غلط بیانی کا معاملہ، ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو نے غیر مشروط معافی مانگ لی
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے زمان وٹو کو معافی کی درخواست سے متعلق بیان حلفی منگل تک جمع کرانے کی ہدایت کر دی، عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کر دی۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں مبینہ غلط بیانی اور عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے سے متعلق توہین عدالت کیس میں ممبر اسٹیٹ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) زمان وٹو نے غیر مشروط معافی کی درخواست دائر کر دی، تاہم عدالت میں ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، جس میں ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو اپنے وکیل کاشف ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ مرکزی مقدمے میں درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر حسنین حیدر تھہیم اور توہین عدالت کیس میں نامزد پراسیکیوٹر عدنان بھی عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت زمان وٹو کے وکیل کاشف ملک نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کی جانب سے غیر مشروط معافی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
زمان وٹو نے درخواست میں کیا مؤقف اختیار کیا؟
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت میں عدم حاضری غیر ارادی کوتاہی کے باعث ہوئی اور اس کا مقصد عدالتی احکامات سے انکار یا عدالتی اختیار کو چیلنج کرنا نہیں تھا۔
درخواست کے مطابق سابقہ جواب میں صرف یہ واضح کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ عدم حاضری دانستہ یا دفتری غفلت کے باعث نہیں ہوئی۔ درخواست گزار نے عدالت کے اختیار کا مکمل احترام کرنے اور آئندہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔
زمان وٹو نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ ان کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کے مطابق احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت کی بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے زمان وٹو کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنی معافی کی درخواست سے متعلق بیان حلفی منگل تک جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ گزشتہ سماعت کے لیے 3 نومبر 2026 کو مقرر تھا، تاہم عدالت نے زمان وٹو کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب مسترد کر دیا تھا۔
تازہ سماعت کے دوران غیر مشروط معافی کی درخواست دائر ہونے کے بعد عدالت نے بیان حلفی طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔



