جرائم کی رپورٹس
جس پولیس نے تحفظ دینا تھا، اسی کے افسر کے گھر تشدد کا الزام! ملازمہ جان کی بازی ہار گئی
اسلام آباد پولیس لائنز میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد سے بچی جاں بحق، ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ کی اہلیہ گرفتار، تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولیس سروس کے ایک اعلیٰ افسر کے گھر گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے نتیجے میں بچی کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گھریلو ملازمہ کو مبینہ تشدد کے بعد تشویش ناک حالت میں قائداعظم اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کا واقعہ پولیس لائنز میں پیش آیا، جبکہ واقعے کے بعد بچی کے والدین کو قانونی کارروائی سے روکنے اور معاملے کو آگے نہ بڑھانے کے لیے مبینہ طور پر منانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔
واقعے کے حوالے سے تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور پولیس کا باضابطہ مؤقف سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔



