اڈیالہ روڈ پر ٹی وی پروگرام ہوسٹ رابعہ احسن کی پراسرار موت، ریسکیو ذرائع کا فائرنگ سے ہلاکت کا دعویٰ
راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی نیوز چینل کی پروگرام ہوسٹ رابعہ احسن گھر میں مردہ پائی گئیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کو گولی ماری گئی، واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

راولپنڈی: اڈیالہ روڈ کے علاقے گلشن آباد میں نجی نیوز چینل سے وابستہ پروگرام ہوسٹ رابعہ احسن گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کو گولی ماری گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں رابعہ احسن کی لاش گھر کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر پولیس افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق مقتولہ کے شوہر احسن کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے جبکہ آلہ قتل بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
سی پی او راولپنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو رابعہ احسن کے حوالے سے رپورٹ موصول ہوئی تھی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس تمام پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی۔ واقعے کے محرکات اور دیگر تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔




https://www.findreal.me : Free science‑backed assessments for personality, career, IQ & EQ. Private instant results. Uncover your true self right now.