13 سالہ فاطمہ ہلاکت کیس، ملزمان کے ابتدائی بیانات ریکارڈ، تشدد کے الزامات کی تردید
ملزمان کا دعویٰ ہے کہ فاطمہ تین سال قبل گاؤں سے ان کے گھر آئی اور چوتھی جماعت میں زیر تعلیم تھی، پڑھائی نہ کرنے پر معمولی مارنے کا بھی اعتراف کیا، پولیس کی تفتیش جاری۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں 13 سالہ فاطمہ اصغر کی ہلاکت کے کیس میں گرفتار ملزمان سے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے ابتدائی بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں، جن میں انہوں نے بچی کو گھریلو ملازمہ رکھنے کے بجائے تعلیم دلوانے کے لیے اپنے گھر میں رکھنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ فاطمہ تقریباً تین سال قبل گاؤں سے ان کے گھر آئی تھی اور اس وقت چوتھی جماعت میں زیر تعلیم تھی۔ ان کے بقول بچی کے والدین اسے تعلیم دلوانے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تھے، اس لیے اسے اپنے پاس رکھا گیا تھا۔
ملزمان کا تشدد کے الزامات سے انکار
ابتدائی بیان میں ملزمان نے فاطمہ پر شدید تشدد اور جلانے کے الزامات کی تردید کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پڑھائی نہ کرنے پر بچی کو معمولی مارا پیٹا جاتا تھا۔
ملزمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ فاطمہ نے کھاد ملی مٹی کھا لی تھی، جس کے باعث اس کی طبیعت خراب ہوئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج اور مزید تفتیش
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے، جس میں مبینہ طور پر بچی کو ڈنڈوں سے مارنے کے مناظر موجود ہیں۔ تفتیشی حکام نے مبینہ تشدد میں استعمال ہونے والے ڈنڈے بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عدالت نے گرفتار ملزمان افشاں بی بی اور قاری علی رضا کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر رکھا ہے تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تفتیش کی جا سکے۔
پولیس کے مطابق فاطمہ کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ ملزمان کے بیانات اور الزامات کی حتمی تصدیق تفتیش اور دستیاب شواہد کی روشنی میں ہوگی۔



