شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس، انسداد دہشت گردی عدالت کا اہم فیصلہ سامنے آگیا!

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے گروپ شہید کیپٹن عاصم طارق قتل کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد مقدمے کا ٹرائل انسداد دہشت گردی عدالت میں ہی جاری رہے گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان کو طلب کر لیا۔
پراسیکیوٹر نے درخواست کی مخالفت کی
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجہ نوید کیانی نے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق درخواست کی مخالفت کی۔
راجہ نوید کیانی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں بیان کیے گئے وقوعے کے مطابق دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کسی گواہ کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اس لیے اس مرحلے پر یہ طے کرنا ممکن نہیں کہ دہشت گردی کی دفعات بنتی ہیں یا نہیں۔
عدالت کیس منتقل کرنے کا اختیار رکھتی ہے، پراسیکیوٹر
پراسیکیوٹر راجہ نوید کیانی نے مزید کہا کہ اگر ٹرائل کے کسی مرحلے پر عدالت یہ سمجھے کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا تو عدالت خود بھی کیس دوسری متعلقہ عدالت میں منتقل کر سکتی ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست مسترد کرتے ہوئے مقدمے کی کارروائی انسداد دہشت گردی عدالت میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور استغاثہ کے گواہان کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا۔



