صحت

کیپیٹل ہسپتال میں 8 خواتین ڈاکٹرز کیلئے ایک کمرہ، بستر بھی مشترکہ استعمال کرنے کی شکایت

کیپیٹل ہسپتال کے ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو تحریری درخواست جمع کرا دی۔ ڈاکٹروں کے مطابق مسلسل 24 سے 30 گھنٹے ڈیوٹی کے باوجود مناسب آرام، واش رومز اور صفائی کی سہولیات میسر نہیں، جبکہ بلاک نمبر 6 کے 10 سے 15 کمرے بند یا اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔

کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد (سی ڈی اے) میں خدمات انجام دینے والے ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز نے ڈیوٹی کے دوران آرام اور صفائی کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹروں نے اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال کو تحریری درخواست جمع کرائی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلسل 24 سے 30 گھنٹے تک ڈیوٹیاں انجام دینے کے باوجود انہیں مناسب ریسٹ رومز اور واش رومز کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

خواتین ڈاکٹرز کے لیے صرف ایک کمرہ مختص

درخواست کے مطابق ہسپتال کے بلاک نمبر 6 میں خواتین پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کے لیے صرف ایک کمرہ مختص ہے، جہاں بعض اوقات 6 سے 8 ڈاکٹرز کو بستر بھی مشترکہ طور پر استعمال کرنا پڑتے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہاؤس آفیسرز کے لیے پہلے سے مختص کمرہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، جس کے باعث ڈیوٹی کے دوران آرام کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں۔

بلاک نمبر 6 کے 10 سے 15 کمرے بند یا اسٹور کے طور پر استعمال

تحریری درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بلاک نمبر 6 میں تقریباً 10 سے 15 کمرے بند پڑے ہیں یا انہیں اسٹور کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ڈاکٹرز بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ مسئلہ اس سے قبل بھی ہسپتال انتظامیہ کے سامنے اٹھایا جا چکا ہے، تاہم تاحال کوئی مستقل حل سامنے نہیں آیا۔

مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ

ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کا مؤقف ہے کہ طویل ڈیوٹی کے دوران مناسب آرام کی سہولیات نہ ہونا ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، جبکہ اس کے اثرات مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی خدمات کے معیار پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے لیے مناسب کام کا ماحول اور آرام کی سہولیات فراہم کرنا محفوظ اور معیاری طبی خدمات کے لیے ضروری ہے۔

سی ڈی اے انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ

ڈاکٹروں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال، چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ایڈمنسٹریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاک نمبر 6 میں دستیاب خالی کمروں کو مرد و خواتین ڈاکٹرز کے لیے الگ الگ ریسٹ رومز میں تبدیل کیا جائے۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریسٹ رومز میں مناسب بستر، واش رومز، صفائی، ہوا کی آمدورفت اور دیگر بنیادی سہولیات فوری فراہم کی جائیں تاکہ طویل ڈیوٹی کے دوران طبی عملے کو آرام کی مناسب جگہ میسر آ سکے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button