اسلام آباد میں مبینہ جعلی فلو ویکسین کا انکشاف، 26 مریضوں کو انجکشن لگنے کی اطلاعات
بلیو ایریا میں واقع لیبارٹری سے مبینہ جعلی فلو ویکسین کے 27 انجکشن برآمد، 26 مریضوں کو ویکسین لگائے جانے کا انکشاف، عدالت نے ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

اسلام آباد میں مبینہ جعلی فلو ویکسین کی فراہمی اور مریضوں کو لگانے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایکسل لیبز کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نصیر احمد سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ عدالت نے تینوں ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ اسلام آباد کے بلیو ایریا میں واقع لیبارٹری پر کارروائی کی، جہاں سے مبینہ جعلی فلو ویکسین کے 27 انجکشن برآمد کیے گئے۔
گرفتار ملزمان میں ایکسل لیبز کے سی ای او ڈاکٹر نصیر احمد، مارکیٹنگ منیجر محمد بلال اظفر عباسی اور اسسٹنٹ منیجر شیر نواب خان شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ مبینہ طور پر 26 مریضوں کو مذکورہ ویکسین لگائی گئی تھی۔ ادارے نے ویکسین کی خریداری، فراہمی اور سپلائی کے ذرائع کا سراغ لگانے کے لیے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
عدالت نے ایف آئی اے کی 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست کے بجائے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



