11 سالہ فاطمہ قتل کیس میں بڑا موڑ، عدالت نے چائلڈ لیبر اور استحصال کی دفعات شامل کرنے کا حکم دے دیا
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ملزمہ افشاں علی اور ملزم علی رضا کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے بچی کی گھریلو ملازمہ کے طور پر ملازمت، چائلڈ لیبر اور استحصال کے پہلوؤں پر تفتیش کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام آباد میں 11 سالہ فاطمہ قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ملزمہ افشاں علی اور ملزم علی رضا کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیمہ عفت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے کے مطابق نادرا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا، جس سے مقتولہ کی عمر 11 سال 11 ماہ ثابت ہوئی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ تفتیش کو صرف ایف آئی آر میں درج دفعات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید قانونی دفعات شامل کی جائیں۔ اس سلسلے میں عدالت نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 328 اور 328-A، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2022 کی دفعہ 3 اور چائلڈ لیبر و استحصال سے متعلق دفعات شامل کرنے کی ہدایت کی۔
1590 سی سی ٹی وی ویڈیوز کی تصدیق
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ این سی سی آئی اے نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈی وی آر کی تصدیق کے بعد مجموعی طور پر 1590 ویڈیوز حاصل کی ہیں، جن میں کوئی ٹیمپرنگ سامنے نہیں آئی۔ ملزمان کا فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ بھی کروا لیا گیا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ کے آئی فون کا ڈیٹا حاصل کرنا ابھی باقی ہے، جو مقتولہ اور ملزمہ کے شوہر کے درمیان رابطوں کا تعین کرنے کے لیے اہم ہے۔ ملزمان کے سیمپلز فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کے لیے پی ایف ایس اے لاہور بھجوانے کی غرض سے حاصل کیے گئے تھے، جبکہ گزشتہ ریمانڈ کے دوران ملزمہ کے شوہر سے بھی تفتیش کی گئی اور پولی گراف ٹیسٹ کی اجازت حاصل کی گئی۔
مدرسے کے ریکارڈ اور بچی کی ملازمت سے متعلق اہم نکات
تحریری حکم نامے کے مطابق واٹس ایپ کے ذریعے حاصل کردہ مدرسے کے ریکارڈ میں بتایا گیا کہ مقتولہ 26 اکتوبر 2026 تک مدرسے میں زیر تعلیم رہی، تاہم گھریلو ملازمہ ہونے اور مسلسل غیر حاضری کے باعث 27 اکتوبر 2026 کو اس کا اخراج سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔
عدالت نے تفتیش میں متعدد اہم پہلوؤں کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مدرسے کے اصل رجسٹر اور حاضری ریکارڈ کی تصدیق نہیں کی گئی اور متعلقہ ذمہ دار کا دفعہ 161 کے تحت بیان بھی ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
اسی طرح سرکاری رہائش گاہ اور گھر کے عملے، ہمسایوں اور دیگر واقف کاروں کے بیانات ریکارڈ کرنے، بچی سے لیے جانے والے کام کی نوعیت، چائلڈ لیبر اور استحصال کے پہلوؤں کی تحقیقات بھی باقی ہیں۔
عدالت نے بچی کی حوالگی کے مقصد، شرائط، کسی مالی معاوضے یا لین دین، مدعی کے اپنی بیٹی سے رابطوں اور ملاقاتوں سمیت دیگر متعلقہ معاملات کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
تفتیش غیر جانبدارانہ اور شواہد کی بنیاد پر کرنے کا حکم
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ کے شوہر کی سرکاری رہائش گاہ پر تقریباً تین سال تک بچی کی موجودگی، اس حوالے سے ان کے علم، کردار، سلوک اور بچی کی موت کے حالات کا تعین ضروری ہے۔
حکم نامے کے مطابق مقدمے میں فرانزک، پی ایف ایس اے اور کیمیکل رپورٹس کا انتظار ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر نئی شامل کی جانے والی ہر دفعہ کی بنیاد کیس ڈائری میں درج کرکے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے مزید کہا کہ پولی گراف ٹیسٹ قانون کے مطابق، جہاں ضروری ہو رضامندی اور خود الزامی سے تحفظ کے آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ تفتیش مکمل طور پر منصفانہ، آزادانہ اور کسی بھی فریق کے سماجی، مالی یا سرکاری عہدے کے اثر و رسوخ سے آزاد ہونی چاہیے۔
عدالت نے ملزمہ افشاں علی اور ملزم علی رضا کو 26 نومبر 2026 کو تفصیلی پیش رفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔



