سیدپور گاؤں میں گھروں کی مسماری کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سی ڈی اے کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے تقریباً 700 درخواست گزاروں کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے معاملہ سی ڈی اے کی مجاز اتھارٹی کو بھجوا دیا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو سماعت کا آخری موقع فراہم کرکے 30 روز میں تحریری اور مدلل احکامات جاری کرنے کا حکم دیا۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ماڈل سیدپور گاؤں کے رہائشیوں کے گھروں کی مبینہ غیر قانونی مسماری اور جبری اقدامات سے تحفظ کے کیس میں معاملہ سی ڈی اے بورڈ کی مجاز اتھارٹی کو واپس بھجواتے ہوئے 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے سیدپور گاؤں سے متعلق تقریباً 700 درخواست گزاروں کی درخواستوں پر تفصیلی سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے بورڈ آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں درخواست گزاروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرے اور انہیں سماعت کا آخری موقع فراہم کیا جائے۔
بلڈوزر نہیں چلانا، مسئلے کا حل تلاش کریں، عدالت کی سی ڈی اے کو ہدایت
دورانِ سماعت جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے سی ڈی اے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلڈوزر نہیں چلانا، اس مسئلے کو کیسے حل کرنا ہے یہ آپ کا کام ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک شخص گزشتہ 40 سے 50 سال سے اپنے آباؤ اجداد کے ساتھ وہاں رہ رہا ہے، اسے کیسے وہاں سے نکالیں گے؟ درخواست گزاروں کو مطمئن کرنا عدالت اور سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے۔
جسٹس راجہ انعام نے ریمارکس دیے کہ سیدپور کو ماڈل ویلج بنانے کا فیصلہ 2011 میں واپس لے لیا گیا تھا، لیکن اب 2026 آ چکا ہے اور سی ڈی اے کو اس معاملے پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
معاوضے اور متبادل انتظامات سے متعلق دلائل
درخواست گزاروں کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ کسی قبضہ مافیا سے متعلق معاملہ نہیں بلکہ متاثرہ رہائشیوں کے حقوق کی بات کر رہے ہیں۔ کسی کو زبردستی بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں زمین حاصل کی گئی وہاں مناسب معاہدہ ہونا چاہیے تھا اور حکومت کو پہلے مکمل منصوبہ بندی کرنی چاہیے تھی۔ کسی کو اچانک گھروں سے نہیں نکالا جا سکتا، جبکہ معاوضے کی ادائیگی متاثرین کا بنیادی حق ہے۔
وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ رہائشیوں کو ان کی جائیداد کی اصل مالیت سے کہیں کم معاوضہ ادا کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔ اس پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ یہ تمام معاملات 2026 میں زیرِ بحث آ رہے ہیں۔
سی ڈی اے نے اراضی کے حصول اور معاوضوں کا ریکارڈ پیش کر دیا
سی ڈی اے کی جانب سے وکیل شہریار طارق اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ عدالت میں پیش ہوئے اور ادارے کا مؤقف پیش کیا۔
سی ڈی اے نے عدالت میں اراضی کے حصول، معاوضوں کی ادائیگی اور اصل ایوارڈز کا ریکارڈ پیش کیا۔ ادارے کے مطابق سیدپور گاؤں کی اراضی حاصل شدہ زمین ہے اور اصل متاثرین کو معاوضے ادا کیے جا چکے ہیں۔
سی ڈی اے نے اپنے مؤقف کی حمایت میں 1961 سے 1967 کے لینڈ ایکوزیشن ایوارڈز، سی ڈی اے بورڈ کے فیصلوں اور سپریم کورٹ کے متعلقہ احکامات کا حوالہ بھی دیا۔
30 روز میں تحریری اور مدلل فیصلہ کرنے کا حکم
عدالت نے اراضی کے حصول اور معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق سی ڈی اے کی جانب سے پیش کردہ ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے معاملہ ادارے کی مجاز اتھارٹی کو واپس بھجوا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو سماعت کا آخری موقع فراہم کیا جائے اور تمام متعلقہ ریکارڈ اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں 30 روز کے اندر تحریری اور مدلل احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی کے لیے معاملہ سی ڈی اے کو بھجواتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔



