اسلام آباد ہائی کورٹ

اتوار بازار اسٹال ہولڈرز کو بڑا ریلیف: ہائیکورٹ نے رات بھر سامان رکھنے پر پابندی معطل کر دی

عدالت نے رات بھر سامان رکھنے پر پابندی سے متعلق شق معطل کردی، آئندہ سماعت تک اسٹال ہولڈر کا سامان ہٹانے یا اسے اسٹال سے بے دخل کرنے سے روک دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اتوار بازار کے ایک اسٹال ہولڈر کو آئندہ سماعت تک بے دخل کرنے اور اس کا سامان ہٹانے سے روک دیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے رات بھر سامان رکھنے پر پابندی سے متعلق نوٹس کی شق بھی معطل کر دی ہے۔

جسٹس شاہ رخ ارجمند نے اسٹال ہولڈر عبدالرحمان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سامان ہٹانے کے حکم سے ان کے موکل کی روزی روٹی متاثر ہو رہی ہے۔ 22 نومبر 2026ء کی ڈیڈ لائن سے متعلق نوٹس قانونی اختیار اور 15 جنوری 2025ء کے عدالتی فیصلے کے خلاف ہے۔

درخواست گزار کے مطابق بغیر مشاورت اور حفاظتی جائزے کے سامان ہٹانا اور اسٹال بند رکھنا ناانصافی ہے۔

عدالت کا حکم

عدالت نے انتظامیہ کو آئندہ سماعت تک درخواست گزار کا سامان ہٹانے اور اسے اسٹال سے بے دخل کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ رات بھر سامان رکھنے سے روکنے والی شق معطل رہے گی، تاہم نوٹس کی دیگر شقوں پر عمل درآمد کے لیے فریقین کارروائی جاری رکھ سکتے ہیں۔

ایم سی آئی کا حفاظتی نوٹس

واضح رہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے ہفتہ وار بازاروں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچاؤ کے لیے اسٹال ہولڈرز کو 22 نومبر 2026ء تک حفاظتی قواعد پر عمل درآمد کا نوٹس جاری کیا تھا۔

نوٹس میں رات بھر اسٹالز پر سامان رکھنے پر پابندی، آتش گیر ترپال اور تھرموکول ہٹانے اور راستے کھلے رکھنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ اسٹالز کو مستقل دکانوں میں تبدیل کرنے اور کسی دوسرے شخص کو منتقل کرنے سے بھی منع کیا گیا تھا۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button