صوبوں سے جاری آل پاکستان اسلحہ لائسنس اب وفاق سے تصدیق کرانا ہوں گے، وزارت داخلہ
صوبائی حکومتیں صرف اپنے ڈومیسائل رکھنے والے افراد کو متعلقہ صوبے کی حدود کے لیے اسلحہ لائسنس جاری کر سکیں گی، وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

وفاقی وزارت داخلہ نے آل پاکستان اسلحہ لائسنس جاری کرنے اور ان کی توثیق کا اختیار اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق صوبائی حکومتیں صرف اپنے متعلقہ صوبے کی حدود کے لیے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی مجاز ہوں گی، جبکہ صوبے صرف اپنے ڈومیسائل رکھنے والے افراد کو ہی اسلحہ لائسنس جاری کر سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبوں کی جانب سے ماضی میں جاری کیے گئے تمام آل پاکستان اسلحہ لائسنس فوری طور پر وزارت داخلہ میں جمع کرائے جائیں۔
وزارت داخلہ کی جانچ پڑتال اور توثیق کے بعد نادرا کو متعلقہ لائسنس پر نئی عبارت درج کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔
مراسلے کے مطابق وزارت داخلہ سے توثیق نہ کرانے والے آل پاکستان اسلحہ لائسنس صرف متعلقہ صوبے کی حدود تک ہی کارآمد تصور ہوں گے۔
وزارت داخلہ نے اس حوالے سے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔