گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس، مقدمے کی پیروی کے لیے دو خصوصی پراسیکیوٹرز تعینات
وفاقی پراسیکیوٹر جنرل آفس نے مقدمے کی مؤثر پیروی کے لیے محمد واجد منیر اور محمد وقاص ہرل کو خصوصی پراسیکیوٹرز مقرر کر دیا۔ دونوں افسران تفتیش، چالان کی تیاری اور عدالتی کارروائی کی نگرانی کریں گے۔

اسلام آباد: گھریلو ملازمہ فاطمہ کی تشدد کے باعث ہلاکت کے مقدمے کی مؤثر قانونی پیروی کے لیے وفاقی پراسیکیوٹر جنرل آفس نے دو خصوصی پراسیکیوٹرز پر مشتمل ٹیم مقرر کر دی ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل منظور ججہ کے مطابق محمد واجد منیر اور محمد وقاص ہرل کو اسپیشل پراسیکیوٹرز تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دونوں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کو تھانہ شمس کالونی میں درج مقدمہ نمبر 619/26 کی پیروی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
تفتیش اور چالان کی نگرانی کی ذمہ داری
خصوصی پراسیکیوٹرز مقدمے کی تفتیش اور عدالتی کارروائی کی مؤثر نگرانی کریں گے۔ انہیں تفتیشی افسر اور اسلام آباد پولیس کے متعلقہ حکام سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پراسیکیوٹرز کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت پولیس رپورٹ کا جائزہ لینے اور قانونی رہنمائی فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
خصوصی ٹیم چالان کی تیاری سمیت مقدمے کے تمام قانونی مراحل میں پولیس کی رہنمائی کرے گی۔ پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق مقدمے کی حساسیت کے پیش نظر خصوصی پراسیکیوٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔
دو گرفتار ملزمان کل عدالت میں پیش ہوں گے
پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے دو ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ مرد اور خاتون ملزم دونوں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں۔



