چار بہنوں کے اکلوتے بھائی سفیان عباسی جاں کی آوارہ کتے کے کاٹنے سے موت پر اسلامک یونیورسٹی میں بڑا احتجاجی مظاہرہ
ہاسٹل نمبر 5 کے باہر پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا آزاد کشمیر کا طالبعلم سفیان عباسی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے خلاف اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ کا احتجاج، طلباء یونینز کی بحالی اور ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ۔

اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا طالبعلم سفیان عباسی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے خلاف اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام طلباء نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا سفیان عباسی بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے پانچویں سمسٹر کا طالبعلم تھا۔ وہ گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 5 کے باہر ایک پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوا تھا۔
متاثرہ طالبعلم نے ہولی فیملی ہسپتال سے ویکسین بھی لگوائی تھی، تاہم اتوار کی رات طبیعت خراب ہونے پر اسے دوبارہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر بتایا کہ زہر بہت زیادہ پھیل چکا ہے۔
سفیان عباسی پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ اس کی ہلاکت کے بعد طلباء میں تشویش پائی جاتی ہے۔

اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ کا احتجاج
طالبعلم کی ہلاکت کے خلاف اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کیمپس میں آوارہ کتوں کی موجودگی کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کو بارہا آگاہ کیا گیا، تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
طلباء نے اعلان کیا کہ طالبعلم کی ہلاکت کے واقعے پر انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
مظاہرین نے آج سے ’’کاکروچ متحد ہیں، ہم طلباء تحریک کا آغاز کرتے ہیں‘‘ کے نعرے کے تحت تحریک شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔
طلباء یونینز کی بحالی کا مطالبہ
احتجاجی مظاہرے میں ملک بھر کی تمام یونیورسٹیوں میں طلباء یونینز بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعتیں اپنی موروثی سیاست کو برقرار رکھنے کے لیے طلباء یونینز کی بحالی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ نے طلباء یونینز کی بحالی کے لیے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سفیان عباسی کی ہلاکت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔


