اسلام آباد پولیس میں ترقیوں کا سلسلہ تیز، 702 افسران اگلے عہدوں پر پہنچ گئے
آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے چارج سنبھالنے کے بعد ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کی مجموعی تعداد 702 ہوگئی، پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تقریب کے دوران نئے رینکس لگائے گئے۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں محکمانہ ترقیوں کے تحت 535 افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے چارج سنبھالنے کے بعد اب تک ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کی مجموعی تعداد 702 ہو چکی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈی آئی جی سیف سٹی مستنصر فیروز، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لا اینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر، ڈی آئی جی سیکیورٹی رانا عمر فاروق سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سینئر افسران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو ہیڈ کانسٹیبل اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے رینکس لگائے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترقی پانے والوں میں کون کون شامل ہے؟
اسلام آباد پولیس کے مطابق ترقی پانے والوں میں 10 سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پی)، 33 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پی)، 6 انسپکٹرز، 37 سب انسپکٹرز، 258 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 356 ہیڈ کانسٹیبلز اور 2 اپر ڈویژن کلرکس (یو ڈی سی) شامل ہیں۔
ان ترقیوں کو پولیس افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف اور محکمانہ ترقی کے عمل کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔



