زین عاصم اسلام آباد پولیس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن تعینات
آئی جی اسلام آباد نے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، زین عاصم اس سے قبل کوئٹہ، سوات، لاہور پولیس اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس میں گریڈ 18 کے پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) افسر زین عاصم کو سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انویسٹی گیشن تعینات کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کے دفتر سے 6 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق زین عاصم کو فوری طور پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن (او پی ایس) تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل ویٹنگ پوسٹنگ پر تھے۔ زین عاصم کی تعیناتی کے بعد سلیمان ظفر کی جگہ انہیں ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

44ویں کامن کے افسر، قاضی علی رضا کے بیچ میٹ
زین عاصم کا تعلق پولیس سروس کے 44ویں کامن سے ہے۔ وہ اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کے بیچ میٹ بھی ہیں، دونوں افسران نے پولیس سروس میں ایک ہی کامن کے تحت تربیت حاصل کی۔
کوئٹہ، سوات اور لاہور میں بھی خدمات انجام دیں
گریڈ 18 کے افسر زین عاصم اس سے قبل کوئٹہ اور سوات میں بھی مختلف ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ لاہور پولیس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بھی تعینات رہے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 2998-3002/E(G) میں متعلقہ افسران اور پولیس حکام کو احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات آئندہ ہدایات تک نافذ العمل رہیں گے۔



