اسلام آباد ٹریفک پولیس کا خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام میں توسیع کا اعلان
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام میں توسیع کر دی۔ اب 16 سے 30 نومبر تک بھی خواتین تربیت حاصل کر سکیں گی۔

اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کی جانب سے بھرپور ردِعمل کے بعد مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ اب خواتین یکم سے 15 نومبر کے علاوہ 16 سے 30 نومبر تک بھی مفت اسکوٹی چلانے کی تربیت حاصل کر سکیں گی۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے خواتین کی دلچسپی اور بڑی تعداد میں موصول ہونے والے ردِعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگرام کو دو مرحلوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلے مرحلے میں جگہ نہ پانے والی خواتین کو موقع
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق پہلے مرحلے میں جگہ حاصل نہ کرنے والی خواتین اب 16 سے 30 نومبر تک مفت اسکوٹی ٹریننگ حاصل کر سکیں گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
خواتین کو بااختیار بنانے کا عزم
کائنات اظہر خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس خواتین کو خودمختار اور بااختیار بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق مستقبل میں بھی خواتین کی سہولت اور خوداعتمادی کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام خواتین کو سفر میں خودمختاری فراہم کرنے اور انہیں موٹر سائیکل چلانے کی عملی تربیت دینے کی کوشش کا حصہ ہے۔



