عمران خان سے ملاقات میں سیاست کی گنجائش نہیں؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم حکم نامہ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کے دوران وکلا کو تیاری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی، عدالت نے عمران خان سے ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر گفتگو نہ کرنے کی توقع بھی ظاہر کی۔

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا گزشتہ سماعت کا اہم حکم نامہ سامنے آگیا، جس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔
حکم نامے کے مطابق عدالت نے توقع ظاہر کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے دونوں سینئر وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر گفتگو نہیں کریں گے بلکہ خود کو صرف قانونی امور تک محدود رکھیں گے۔
عدالت نے قرار دیا کہ دونوں وکلا انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور توقع ہے کہ وہ ملاقات کے دوران صرف قانونی معاملات پر بات کریں گے۔


وکلا کی ملاقات کم از کم ایک گھنٹے کی ہوگی
حکم نامے کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کا انتظام کرائیں گے، جس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔
سماعت کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ اپیلوں پر دلائل نہیں دے سکتے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اپیل پر دلائل دینے کے لیے ضروری ہدایات مل چکی ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دورانیہ کم تھا۔
اپیلوں کی پیپر بکس سات روز میں تیار کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکلا کی استدعا پر دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا، جبکہ عدالتی دفتر کو ہدایت کی کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں سے متعلق پیپر بکس کی تیاری سات روز میں مکمل کی جائے۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا کہ اپیلوں کی سماعت کے لیے ضروری قانونی تیاری اور متعلقہ ریکارڈ کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔



