اسلامک یونیورسٹی میں کتے کے کاٹنے سے سٹوڈنٹ کی موت کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا
اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے طالب علم کی موت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کو درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد:اسلامک یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے طالب علم کی ہلاکت کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا، جہاں وفاقی دارالحکومت سے آوارہ کتوں کے خاتمے اور ان پر قابو پانے کے لیے کارروائی کی درخواست دائر کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے سجاد بلوچ ایڈووکیٹ کی جانب سے ذاتی حیثیت میں دائر درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک طالب علم کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان نے ورلڈ آرگنائزیشن فار اینیمل ہیلتھ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں اور یہ تنظیم آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کام کرتی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد انتظامیہ آوارہ کتوں پر قابو پانے کے لیے مذکورہ عالمی تنظیم سے بھی مدد حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا جائے۔
اس موقع پر جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے پر ہدایات جاری کر دیتی ہے تاکہ اس کا جلد سدباب ہو سکے۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ درخواست گزار کا مؤقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔