جرائم کی رپورٹس

اسلام آباد میں 13 سالہ فاطمہ اصغر پر بہیمانہ تشدد کے انکشافات، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر 20 بڑے زخم اور تشدد کے نشانات پائے گئے، دل اور گردوں میں بھی خون کے لوتھڑے موجود تھے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران تشدد کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

اسلام آباد: پولیس لائنز ہیڈکوارٹر میں سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کے مبینہ قتل کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں بچی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں بچی پر مسلسل تشدد کے شواہد سامنے آئے ہیں جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر 20 بڑے زخم اور تشدد کے نشانات کی تصدیق کی گئی ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کا پورا جسم سوجا ہوا تھا اور اسے سر سے پاؤں کی انگلیوں تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ شدید تشدد کے باعث جسم کے مختلف حصوں میں خون جم گیا تھا جبکہ دل اور گردوں میں بھی خون کے لوتھڑے پائے گئے۔

رپورٹ میں بچی کے بائیں بازو پر پرانا خراب شدہ زخم اور سینے پر بھی پرانے زخموں کے نشانات موجود ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش میں اہم انکشافات

پولیس ذرائع کے مطابق فاطمہ اصغر کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزمہ افشاں علی نے دوران تفتیش بچی پر تشدد کرنے سے انکار کیا ہے، تاہم ساتھی ملزم قاری علی نے ملزمہ کی جانب سے بچی پر تشدد کیے جانے سے متعلق بیان دیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے بچی پر تشدد کے لیے استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے بھی برآمد کر لیے ہیں۔ ساتھی ملزم علی رضا نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ملزمہ افشاں علی اکثر ڈنڈے سے فاطمہ کو تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔

طبیعت خراب ہونے پر پہلے ڈسپنسر سے معائنہ کرایا گیا

دوران تفتیش ملزم قاری علی نے بیان دیا کہ جب فاطمہ اصغر کی حالت زیادہ خراب ہوئی تو پہلے پولیس لائنز کے ڈسپنسر سے اس کا طبی معائنہ کرایا گیا۔

ملزم کے بیان کے مطابق ڈسپنسر نے معاملے کو سنگین قرار دیا، جس کے بعد بچی کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بچی پر تشدد سے متعلق تمام حقائق کی حتمی نشاندہی مکمل پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہوگی، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button