یکم جنوری سے اسناد کی تصدیق گھر بیٹھے، کوریئر اور لمبی لائنوں سے نجات، آئی بی سی سی کا بڑا اعلان
یکم جنوری 2027 سے طلبہ پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے اور تصدیق شدہ اسناد ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ بھی کر سکیں گے۔ نئے نظام سے دفتر جانے، اصل دستاویزات کوریئر کرنے اور اضافی نقول کی الگ تصدیقی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اسلام آباد: انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) یکم جنوری 2027 سے تعلیمی اسناد کی تصدیق کا مکمل آن لائن نظام متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے تحت طلبہ گھر بیٹھے اپنی اسناد کی تصدیق کے لیے درخواست دے سکیں گے اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد دستاویزات براہِ راست آن لائن پورٹل سے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ آئی بی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔ نئی سہولت ملک بھر کے 29 امتحانی بورڈز کی جاری کردہ اسناد اور اہل دینی مدارس کی اسناد کی تصدیق کے لیے دستیاب ہوگی۔
آن لائن درخواست اور تصدیق کا مکمل طریقہ
نئے نظام کے تحت طلبہ آئی بی سی سی کے آن لائن پورٹل پر اپنی درخواست اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں گے۔ کمیشن کی جانب سے درخواست کی جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد الیکٹرانک طور پر تصدیق شدہ دستاویز درخواست گزار کے پورٹل اکاؤنٹ میں فراہم کر دی جائے گی۔
اس اقدام کے نتیجے میں طلبہ اور آئی بی سی سی، دونوں کو دستاویزات بذریعہ کوریئر بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جبکہ دفتر آنے جانے اور طویل انتظار کی زحمت بھی ختم ہو جائے گی۔
اضافی نقول کے لیے الگ تصدیقی فیس نہیں ہوگی
آئی بی سی سی کے نئے نظام کی ایک اہم سہولت یہ ہوگی کہ طلبہ ایک ہی تصدیق شدہ سند کی ضرورت کے مطابق متعدد نقول پرنٹ کر سکیں گے۔ مختلف جامعات اور دیگر اداروں میں ایک ہی سند جمع کرانے کے لیے ہر اضافی نقل پر الگ تصدیقی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی۔
یہ تصدیق شدہ نقول جامعات اور بیرونِ ملک استعمال کے لیے بھی جمع کرائی جا سکیں گی، تاہم بیرونِ ملک دستاویزات کے استعمال کے لیے وزارتِ خارجہ کی متعلقہ شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
چار سے پانچ لاکھ طلبہ مستفید ہونے کا امکان
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کے مطابق اسناد کی تصدیق کے پورے نظام کو آن لائن منتقل کرنے کا معاملہ بورڈ آف گورنرز میں زیرِ غور آیا تھا، جس کے بعد وفاقی سیکریٹری برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب کی ہدایت پر نئے نظام کی تیاری کی گئی۔
ڈاکٹر غلام علی ملاح نے بتایا کہ کمیشن کے تخمینے کے مطابق اس سہولت سے سالانہ چار سے پانچ لاکھ طلبہ مستفید ہوں گے۔ اس سے طلبہ کے سفری اور کوریئر اخراجات میں کمی آئے گی، جبکہ دفاتر کے چکر لگانے اور انتظار میں ضائع ہونے والا وقت بھی بچے گا۔
ان کے مطابق ڈیجیٹل نظام سے آئی بی سی سی میں کاغذی دستاویزات کی وصولی، محفوظ رکھنے اور واپس بھیجنے کے عمل پر صرف ہونے والا وقت بھی کم ہوگا۔



