سوشل میڈیا پر مبینہ جھوٹی معلومات پھیلانے کا الزام، ٹک ٹاکر جنید سلیم کو این سی سی آئی اے کا نوٹس
این سی سی آئی اے نے انکوائری نمبر RE-3988/2026 کے تحت طلبی کا نوٹس جاری کر دیا، جنید سلیم کو 24 نومبر کو شناختی کارڈ کے ہمراہ اسلام آباد دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت۔

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر جھوٹی اور من گھڑت معلومات پھیلانے کے الزام میں لاہور کے رہائشی ٹک ٹاک صارف جنید سلیم کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق ریاست کی مدعیت میں شروع کی گئی انکوائری نمبر RE-3988/2026 کے سلسلے میں انہیں یہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

نوٹس میں جنید سلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 24 نومبر 2026 کو دوپہر 1 بجے اصل شناختی کارڈ کے ہمراہ این سی سی آئی اے کے اسلام آباد دفتر میں ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔
طلبی کا مقام این سی سی آئی اے آفس، سیکٹر G-13/3 اسلام آباد بتایا گیا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ اور وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ فی الحال انکوائری کے مرحلے میں ہے اور نوٹس جاری ہونا کسی الزام کے ثابت ہونے کے مترادف نہیں۔



