. بچوں کی آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی
جسٹس ارباب محمد طاہر نے وفاقی حکومت کو اقدامات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔ عدالت نے پی ٹی اے، پیمرا اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے بھی جامع رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اس حوالے سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بچوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے غلط استعمال سے متعلق متعدد درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 13 نومبر کو اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقین کا اجلاس منعقد ہوا ہے، لہٰذا حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کا وقت دے دیا۔
2020 اور 2021 کے سوشل میڈیا رولز سے متعلق درخواستیں
سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ 2020 کے سوشل میڈیا رولز سے متعلق درخواستیں غیر مؤثر ہو چکی ہیں، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے 2020 کے سوشل میڈیا رولز کو چیلنج کرنے والی درخواست واپس لے لی۔
عدالت نے 2021 کے سوشل میڈیا رولز کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔
پی ٹی اے، پیمرا اور سائبر کرائم ایجنسی سے رپورٹ طلب
عدالت اس سے قبل ڈیجیٹل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے قوانین پر عمل درآمد کا حکم دے چکی ہے، جبکہ ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے غلط استعمال کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ قانون پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو بھی جامع رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔



