اسلام آباد بلدیاتی انتخابات: سی ڈی اے کے 11 افسران انتخابی نگرانی کے لیے تعینات
الیکشن کمیشن نے یونین کونسلز 32 سے 121 تک انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے افسران کو ذمہ داریاں سونپ دیں، تعینات افسران کی 12 نومبر کو خصوصی تربیت ہوگی۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 20 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے تحت الیکشن کمیشن نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے 11 افسران کو انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے تعینات کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تعینات افسران کو مختلف یونین کونسلز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جہاں وہ انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ افسران کو یونین کونسلز 32 سے 121 تک ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

افسران کی خصوصی تربیت آج ہوگی
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر تعینات افسران کی 12 نومبر کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک خصوصی تربیتی نشست منعقد ہوگی۔ تربیت کے دوران افسران کو انتخابی قوانین، ضابطہ کار اور انتخابی عمل کے دوران ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے تربیتی نشست میں شرکت لازمی قرار دیتے ہوئے تمام تعینات افسران کو مقررہ وقت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں 20 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر انتخابی انتظامات اور نگرانی کے عمل کو منظم بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی تیاریاں جاری ہیں۔



