اسلام آباد کچہری اور امام بارگاہ خودکش حملہ کیسز کے چالان عدالت میں جمع، سماعت 24 نومبر تک ملتوی
انسداد دہشت گردی عدالت میں دونوں مقدمات کے چالان جمع، کچہری حملہ کیس میں 126 اور امام بارگاہ حملہ کیس میں 128 گواہان کی فہرست پیش کیے جانے کا دعویٰ۔

اسلام آباد کچہری اور امام بارگاہ پر خودکش دھماکوں سے متعلق دونوں مقدمات کے چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرا دیے گئے، عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیسز کی مزید کارروائی 24 نومبر تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے دونوں مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی جائیں گی۔
دونوں مقدمات میں گرفتار ملزمان کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق امام بارگاہ خودکش حملہ کیس میں تین جبکہ اسلام آباد کچہری خودکش حملہ کیس میں ایک ملزم گرفتار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کچہری حملہ کیس میں استغاثہ کی جانب سے 126 گواہان جبکہ امام بارگاہ حملہ کیس میں 128 گواہان کی فہرست پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان پر خودکش حملہ آوروں کو سہولت فراہم کرنے، ٹرانسپورٹ اور مالی معاونت دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔



